لکھنؤ،17؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے گورکھپور اور پھول پورلوک سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کااعلان کر دیاہے۔اتر پردیش کانگریس کے ترجمان وریندر مدان نے بتایا کہ پارٹی نے ڈاکٹر سرہیتا کریم کو گورکھپور اور منیش مشرا کو پھول پور لوک سبھاسیٹ پر ضمنی انتخاب کے لیے امیدواربنایاہے۔سورہیتا ایک معروف ڈاکٹراور سماجی کارکن ہیں۔انہوں نے سال2012میں گورکھپورکے میئر کے عہدے کا انتخاب بھی لڑا تھا، جس میں وہ دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔غور طلب ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کے اترپردیش کا وزیراعلیٰ بننے کے بعد ان کے اس سیٹ سے استعفیٰ دینے کی وجہ سے گورکھپور لوک سبھا سیٹ خالی ہوئی ہے۔وہیں پھول پور سیٹ کیشو پرساد موریہ کے نائب وزیراعلیٰ کاعہدہ سنبھالنے کے بعدخالی ہوئی ہے۔ان دونوں سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے تحت 11مارچ کوووٹ ڈالے جائیں گے۔